کاروار، 16؍ جون (ایس او نیوز) شہر میں کنڑا اور دوسری زبانوں کے حامیوں کے درمیان چل رہا تنازع اب مزید پیچیدہ ہوتا جا رہا ہے ۔ خیال رہے کہ سٹی میونسپل کاونسل کی طرف سے سڑکوں کے نام کنڑا کے ساتھ دیوناگری رسم الخط میں کونکنی زبان میں بھی لکھے جانے پر کنڑا حامیوں نے مخالفت شروع کی ہے اور بعض جگہوں پر لگے ان بورڈس پر کالا رنگ پوتا گیا ہے ۔
کنڑا حامیوں کے اس اقدام کے خلاف کونکنی زبان بولنے والوں نے 'کونکنی منچ - کاروار' کے بینر تلے بدھ کے دن سوشیل میڈیا پر 'بلیک ڈے' (یوم سیاہ) منایا اور اپنا احتجاج درج کروایا ۔ اس کے علاوہ راجیش نائک نامی شخص کی طرف سے بورڈس پر کالک پوتنے والوں کے خلاف شہر کے پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کی گئی اور سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔ اس شکایت میں پروین کوٹھاری ، ناگراج شیٹھ ، اودئے نائک ، حنیف نامی افراد کو بلدیہ کے بورڈس پر کالک پوتنے کا ملزم بتایا گیا ہے ۔ یہاں یہ بات نوٹ کرنے لائق ہے کہ پولیس کے پاس شکایت درج کرنے والا راجیش نائک خود بھی ایک کنڑا حامی لیڈر ہے، مگر اس معاملہ میں اس نے دوسرے کنڑا حامی لیڈران کے خلاف شکایت درج کروائی ہے ۔
ادھر کونکنی منچ کے فیس بک پیج پر یہ وارننگ بھی دی گئی ہے کہ کنڑا حامیوں نے کونکنی کے خلاف موقف اختیار کرکے بورڈس پر جو کالک پوتی ہے اس کے رد عمل میں کنڑا بورڈس پر بھی کالک پوتی جائے گی ۔ فیس بک پیج ایڈمن نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کالک پوتنے والوں کے خلاف پولیس کارروائی کرے یا نہ کرے ، ہم لوگ تمام کنڑا بورڈس پر کالک پوتنے والے ہیں ۔ اس پر سوشیل میڈیا میں کافی بحث و مباحثہ چل رہا ہے ۔